کمٹہ ،15؍ جولائی (ایس او نیوز) کمٹہ بس اسٹینڈ کے قریب ایک عمر رسید خاتون کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم بوتھ سے رقم نکالنے میں مدد کرنے کے نام پر کارڈ ادل بدل کر فریب دینے اور اس شخص کے اکاونٹ سے 70,905 روپے اڑانے والے ملزم کو کمٹہ پولیس نے میسورو سے گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کا نام کرن کمار ہے جو اصل میں ضلع ہاسن کے بیلسند کا رہنے والا ہے ، مگر اس وقت میسورو ضلع کے گری درشنی لے آوٹ میں مقیم تھا۔ اس کے ذریعے کمٹہ میں فریب دہی کا یہ معاملہ امسال فروری میں پیش آیا تھا ۔ پولیس نے اے ٹی ایم بوتھ کے سی سی ٹی وی کیمرے کے فوٹیج سے ملزم کا چہرا پہچان لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کرن کمار کے پاس سے اے ٹی ایم کارڈ سوائپ کرکے نکالی گئی رقم اور خریدے گئے زیورات ضبط کرنے کے علاوہ اسی انداز میں دھوکہ دہی کرنے کے لئے استعمال کیے جا رہے دوسرے بینکوں کے ڈیبیٹ کارڈس بھی برآمد کرلیے گئے ہیں ۔
ملزم کی تلاش اور گرفتاری کی یہ مہم کمٹہ سرکل پولس انسپکٹر شیو پرکاش نائک کی قیادت میں پی ایس آئی آنند مورتی اور ان کی ٹیم نے انجام دی ۔